مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 258
حضرت قاضی محمد عبد اللہ صاحبؓ حضرت قاضی محمد عبد اللہ رضی اللہ عنہ کی ولادت ۹؍نومبر ۱۸۸۶ء کی ہے۔آپ قاضی ضیاء الدین صاحب کے بیٹے تھے۔حضرت قاضی ضیاء الدین صاحبؓ کی بیعت ۲۳؍مارچ ۱۸۸۹ء کی ہے اور آپ کی بیعت بھی ساتھ ہی ہو گئی۔۲۹؍مارچ ۱۹۰۰ء کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل ہوا۔ان ہی ایام میں آپ مدرسہ تعلیم الاسلام قادیان میں چھٹی جماعت میں داخل ہوئے۔آپ نے بی اے بی ٹی تک تعلیم پائی۔حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے زمانہ میں زندگی وقف کی۔آپ نے انگلستان میں ۶؍ستمبر ۱۹۱۵ء تا ۲۸؍نومبر ۱۹۱۹ء کا عرصہ فریضہ تبلیغ میں گزارا۔کشمیر کمیٹی میں بھی حضرت قاضی صاحب کو خدمات کا موقع ملا۔پھر ملکانہ میں شدھی کی تحریک کا مقابلہ کرتے رہے اور تعلیم الاسلام ہائی سکول قادیان کے ہیڈماسٹر بھی رہے۔آپ نے حضرت بانی سلسلہ احمدیہ علیہ السلام کو دیکھا اور پھر ہمیشہ اپنے عمل سے ثابت کیا کہ انہوں نے اس عظیم شخصیت کو صرف دیکھا ہی نہیں بلکہ اپنے آقا کا رنگ بھی اپنی زندگی پر چڑھانے کی آخر دم تک کوشش کی۔جو آپ کو عزت و احترام کا موجب بناتی رہی۔قاضی کے طور پر اور صحافت کے فرائض بھی مرکز میں سرانجام دیئے۔۸۶ برس کی عمر میں وفات پائی اور آپ کا جنازہ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے پڑھایا۔آپ کی وفات ۳۱۳ صحابہ رضی اللہ عنہم میں سب سے آخر میں ہوئی۔آپ بہشتی مقبرہ ربوہ میں مدفون ہیں۔٭ ٭ تین سو تیرہ اصحاب صدق و صفا صفحہ ۳۰۳، ۳۰۴