مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 196
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ حضرت اقدس مرشدنا و مہدینا مسیح موعود و مہدی معہود ؑ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ گذشتہ تجویز کے مطابق مدرسہ یکم مئی کو کُھلنا چاہئیے۔مگر تاحال شہر کی صورت ایسی نظر نہیں آتی کہ لڑکوں کو واپس بُلانا مناسب ہو۔اس واسطے مناسب معلو م ہوتا ہے کہ مدرسہ کچھ دن کے لئے اور بند کیا جائے اور ابھی سے اس اَمر کی اطلاع طلباء کو بذریعہ ڈاک کر دی جائے۔ورنہ دو تین روز تک طلباء واپس آنے شروع ہو جائیں گے۔بعد اس کے کہ شہر میں بالکل امن ہو جائے۔تین چار روز مدرسہ کی صفائی وغیرہ کے واسطے بھی مطلوب ہوں گے۔لہٰذا مناسب معلوم ہوا کہ مدرسہ ۱۵؍ مئی تک اور بند کیا جائے۔اور طلباء کو اطلاع کر دی جائے۔حضرت مولوی عبدالکریم صاحب اور مولوی محمد علی صاحب سے بھی میں نے مشورہ کر لیا ہے۔ان کی بھی یہی رائے ہے۔پھر جو حکم حضورؑ کا ہو۔۲۴؍ اپریل ۱۹۰۴ء والسلام حضور ؑکی جوتیوں کا غلام عاجز محمد صادق عفی عنہ مکتوب نمبر۲۱ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ میرے نزدیک یہ تجویز بہت مناسب ہے۔۱۵؍ مئی ۱۹۰۴ء تک ضرور مدرسہ بند رہنا چاہئیے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ