مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 121 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 121

مکتوب نمبر۱۷ ذیل کا خط بجواب میرے ایک عریضہ کے ہے جبکہ ہم بمعہ عیال و اطفال قادیان میں تھے اور واپسی کے وقت چونکہ برسات کے دن تھے راستہ سخت خطرناک تھا اور میں نے اپنے گھر کے لوگوں کے لئے یعنی برخوردار محمد یوسف کی والدہ کے لئے ضرورتاً حضرت سے اُن کی پینس طلب کی کیونکہ یکیّ کی سواری حالتِ حمل میں خطرناک ہوتی ہے اس پر حضور نے کمال مہربانی و شفقت سے ذیل کا خط لکھا۔(قریشی) السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ انشاء اللہ دعا کروں گا۔آپ کو اختیار ہے کہ پینس لے جائیں مگر میں نے سنا ہے کہ بٹالہ کی سڑک تک راستہ نہایت خراب ہے پینس کی سواری خطرناک ہے اور ایسا ہی دوسری سواری بھی شاید دس روز تک راستہ کسی قدر درست ہو جائے گا۔میں گزشتہ دنوں میں اس وقت گورداسپور سے بٹالہ کی راہ آیا تھا۔جب بارش پر ایک مہینہ گزر چکا تھا۔تب بھی خوفناک راہ تھا۔تو اب تو بہت ہی خطرناک ہوگا۔حمل کی حالت میں ان دنوں میں ساتھ لے جانا گویا عمداً ہلاکت میں ڈالنا ہے۔آپ خود بٹالہ کی سڑک تک راہ کی حالت دیکھ لیں۔میرے نزدیک تو اب بغیر گزرنے دس بارہ روز کے سخت خطرناک اور خوفناک ہے۔والسلام غلام احمد عفی عنہ