مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 120
مکتوب نمبر۱۵ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْْلِہِ الکَرِیْمِ محبی اخویم حکیم محمد حسین صاحب سلمہُاللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ وحی الٰہی کی بنا پر مکان ہمارا خطرناک ہے (یہ باغ والے مکان کی طرف اشارہ ہے جو بالکل ایک طرف جنگل میں واقع ہے کیونکہ اُن دنوں اُسی مکان میں حضرت تشریف فرما تھے) اس لئے آج (دو سوساٹھ ) روپیہ خیمہ خریدنے کے لئے شیخ عبدالرحیم صاحب کے ہاتھ بھیجتا ہوں۔چاہئے کہ آپ… اور دوسرے چند دوست داروں کے ساتھ جو تجربہ کار ہوں بہت عمدہ خیمہ معہ قناتوں اور دوسرے سامانوں کے بہت جلد روانہ فرماویں اور کسی کو بیچنے والوں میں سے یہ خیال پیدا نہ ہو کہ کسی نواب صاحب نے یہ خیمہ خریدنا ہے کیونکہ یہ لوگ نوابوں سے دو چندسہ چند مول لیتے ہیں اور خیمہ کو ہر طرح سے دیکھ لیا جائے کہ پورانہ اور بوسیدہ نہ ہو اور تمام سامان قنات اور پاخانہ وغیرہ کا ساتھ ہو۔کوئی نقص نہ ہو اور اشتہار جو لاہور سے پہنچا ہے۔افسوس اس میں کئی جگہ غلطیاں رہ گئی ہیں۔بہرحال جہاں تک جلدی ہو سکے لاہور سے ہی قریب وبعید دوستوں کی خدمت میں اور اخباروں میں اور دوسرے فرقوں میں تقسیم ہونا چاہئے۔والسلام مرزا غلام احمدعفی عنہ مکتوب نمبر۱۶ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْْلِہِ الکَرِیْمِ محبی اخویم حکیم محمد حسین صاحب سلمہُاللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس وقت میاں یار محمد بھیجا جاتا ہے۔آپ اشیاء خریدنی خود خرید دیں اور ایک بوتل ٹانک وائین کی پلومر کی دوکان سے خرید دیں مگر ٹانک وائین چاہئے۔اس کا لحاظ رہے۔باقی خیریت ہے۔والسلام مرزا غلام احمدعفی عنہ