مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 118 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 118

مکتوبات احمد ۱۱۸ جلد بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ مکتوب نمبر ۱۲ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ محی اخویم حکیم محمد حسین صاحب قریشی سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ خط پہنچا آپ بیشک ایک تولہ مشک بقیمت ( تینتیس روپے ) خرید کر کے بذریعہ وی ۔ پی بھیج دیں ۔ ضرور بھیج دیں اور چونکہ رسالہ ابھی شائع نہیں ہوا کیونکہ اس کا دوسرا حصہ جو بہت ضروری ہے طیار ہو رہا ہے اس لئے بعد تکمیل آپ یاد دلا دیں۔ باقی سب خیریت ہے۔ والسلام مرزا غلام احمد عفی عنہ نوٹ :۔ اس امر کا اظہار بھی میں اپنے لئے خدا کے فضل سے موجب فخر سمجھتا ہوں کہ حضرت کے ہاں جس قدر مشک خرچ ہوتی تھی سوائے میرے دوسری جگہ یا کسی دوسرے کی بھیجی ہوئی نہیں پسند فرماتے تھے اور در حقیقت مشک خالص اور اعلیٰ کا ملنا کوئی آسان کام بھی نہیں کہ ہر ایک کو میسر آ سکے ۔ اگر چہ سینکڑوں روپے کی روزمرہ شہروں میں بکتی رہتی ہے ۔ میرے ہاں چونکہ خدا تعالیٰ کے فضل سے مفرح عنبری کے لئے بہت بڑی مقدار کی سالانہ ضرورت رہتی ہے اور چونکہ اس کے مہیا کرنے کا خاص انتظام کیا ہوا ہے ۔ اس لئے حضرت وہی مشک پسند فرماتے تھے جو میں ان کی خدمت میں بھیجتا تھا ۔ ایک دفعہ ایک خادم جو حضرت صاحب کا سودا لینے آیا کرتے تھے مجھ سے کچھ اپنی زود رنجی کے باعث ناراض ہو گئے ۔ دوسری دفعہ جو حضرت نے مشک لینے کو بھیجا تو انہوں نے اپنے ہی اجتہاد سے یہ سمجھ لیا کہ قریشی کی اس میں کونسی خصوصیت ہے چلو اس دفعہ امرتسر سے فلاں حکیم صاحب کی معرفت ( جو بڑے مخلص احمدی بھی ہیں ) مشک خرید لی جاوے۔ غرض انہوں نے امرتسر سے بڑی محنت سے حکیم صاحب موصوف کی معرفت مشک خرید لی اور لے گئے جب حضرت کے پاس وہ مشک پہنچی تو حضرت نے معاد یکھتے ہی کہا کہ یہ کہاں سے لائے ہو تو خادم نے عرض کیا حضور اس دفعہ فلاں بھائی حکیم صاحب کی معرفت بڑی چھان بین اور محنت کے ساتھ امرتسر سے خرید کر لایا ہوں ۔ آپ نے فرمایا اسی وقت جاؤ اور اسے واپس کرو اور قریشی کے پاس سے جا کر لاؤ ۔۔۔ فَالْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى ذَلِكَ ( قريش )