مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 116
مکتوب نمبر ۹ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْْلِہِ الکَرِیْمِ محبیّ اخویم حکیم محمد حسین صاحب قریشی سلمہُاللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ چونکہ چھوٹا لڑکا میرا مبارک کمال ضعف ہضم سے بیمار ہے جو کچھ کھاتا ہے ہضم نہیں ہوتا قے ہو جاتی ہے یا دست آجاتے ہیں اس لئے مکلف ہوں کہ اخویم سید ڈاکٹر محمد حسین صاحب کی صلاح او ر مشورہ سے شربت فولادی (پیرش کیمیکل فوڈ) جو بچوں کے لئے تیار ہو کر ولایت سے آتا ہے۔جو مقوی معدہ اور ہاضم ہوتا ہے۔ایک بوتل اس کی خرید کر بھیج دیں اور جلد بھیج دیں۔جو قیمت اس کی ہوگی بھیج دی جاوے گی اور ساتھ کبھی تپ بھی ہو جاتا ہے۔اُمُّ الصبیان کا بھی عارضہ ہے جو شدت تپ کے وقت میں اس کی نوبت ہو جاتی ہے۔اس کے ساتھ اگر اور تجویز بھی ہو وہ دوا بھی بھیج دیں۔جگر کا بھی لحاظ رہے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام خاکسار جگر ضعیف معلوم ہوتا ہے۔مرزا غلام احمدعفی عنہ مکتوب نمبر۱۰ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آج ۱۶؍ستمبر ۱۹۰۷ء کو مبارک احمد بقضائے الٰہی فوت ہو گیا۔۔ہم خدا تعالیٰ کی مرضی پر راضی ہیں اُس کے کام حکمت اور مصلحت سے بھرے ہوئے ہیں۔اب برف کو نہ بھیجیں۔والسلام ۱۶؍ ستمبر ۱۹۰۷ء مرزا غلام احمدعفی عنہ