مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 115 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 115

مکتوب نمبر۷ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْْلِہِ الکَرِیْمِ محبیّ اخویم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آج کے خط سے واقعہ معصومہ زینب پر اطلاع ہوئی :۔۔خدا تعالیٰ آپ کو معہ اُس کی والدہ کے صبر بخشے اور بعد میں ہر یک بلا سے بچاوے۔آمین۔دعا تو بہت کی گئی تھی مگر تقدیر مبرم کا کیا علاج ہے۔میں نے پہلے اس سے دیکھا تھا یعنی الہام ہوا تھا کہ لاہور سے ایک خوفناک خبر آئی۔اس الہام کو میں نے اخبار میں شائع کر دیا تھا۔سو وہ بات پوری ہوئی… اور اب صبر کریں۔خدا تعالیٰ صبر پر اس کا اجر دے گا۔والسلام ۲۷؍مارچ ۱۹۰۷ء مرزا غلام احمدعفی عنہ مکتوب نمبر ۸ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْْلِہِ الکَرِیْمِ محبیّ اخویم حکیم محمد حسین صاحب قریشی سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس وقت والدہ محمود احمد ہوا کی تبدیلی کے لئے لاہور آتی ہیں۔غالباً انشاء اللہ تعالیٰ دس دن تک لاہور میں رہیں گی اور بعض ضروری چیزیں پارچات وغیرہ خریدیں گی۔اس لئے اس خدمت کا ثواب حاصل کرنے کے لئے آپ سے بہتر اور کسی شخص کو میں نہیں دیکھتا۔لہٰذا اس غرض سے آپ کو یہ خط لکھتا ہوں کہ آپ جہاں تک ہو سکے اِس خدمت کے ادا کرنے میں اُن کی خوشنودی حاصل کریں اور خود تکلیف اُٹھا کر عمدہ چیزیں خرید دیں۔باقی سب طرح سے خیریت ہے۔۴؍ جون ۱۹۰۷ء مرزا غلام احمدعفی عنہ