مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 61
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ بخدمت امامنا و مخدومنا حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ خداوندکریم و رحیم کا بڑا فضل ہمارے شامل حال ہوا کہ ہم نے اُس نعمتِ عظمٰی کو پا لیا جس کے لئے ہمارے آبا و اجداد ایک زمانہ دراز سے متمنیّ گزر گئے کہ ہم کو حضرت والا کی بیعت کا شرف حاصل ہوا جس سے لاکھ لاکھ شکر ہے اُس خداوند کریم کا کہ ہمارے ایمان و اتقان میں ایک نمایاں تبدیلی واقع ہوئی حضور سے استدعا ہے کہ ہمارے لئے ایسی دعا فرمائیں کہ خداوند کریم ہمیں شیاطین الانس والجنّ سے محفوظ رکھ کر ہمارے خاتمہ بخیر کرے اور ہمارے آخر دم تک اپنی اور اپنے پیارے نبی کی فرمانبرداری کا ایک سچا عملی اور پُر اثر جوش مرحمت فرمائے اور ہم سے راضی و خوش ہو جائے۔اور یہ امر بھی ضروری الفرض ہے کہ حضور کی خاص توجہ دینیات کی وجہ یہاں ہمیں کسی قسم کی تکلیف پیش نہیں آئی جس چیز کی ضرورت ہوئی حسب خواہش مہیاّ ہوتی رہی۔ہر چند دل کی خواہش تو یہی ہے کہ ایک لمحہ کے لئے حضور سے جُدا نہ ہوں لیکن ایام رخصت کے قریب الاختتام ہونے و اسباب معاش کی انجام دہی کے لئے ضرورت کی وجہ( سے) ہم خدام مستدعی اجازت ہیں کہ کل صبح اپنے وطن کی جانب راہی ہو جائیں۔خاکساران سید ظہور اللہ احمد سید عابد حسین سرجن دواخانہ راجورہ وردال منصب دار علاقہ نظام حیدر آباد ضلع بیدر علاقہ نظام حیدر آباد بخط کنٹری سید نعیم اللہ احمد دستخط بشیر احمد سوداگر نوٹ: ڈاکٹر سید ظہور اللہ احمد صاحبؓ حیدر آبادی کے نام جو د۲و خطوط ہیں۔وہ مولوی محمد اسماعیل صاحب فاضل وکیل ہائیکورٹ یادگیر کی کوششوں سے ملے ہیں۔جَزَاہُ اللّٰہُ خَیْرًا۔اصل خطوط مکرم سید اسد اللہ صاحب حیدر آبادی جو اُن کے فرزند ہیں کے پاس محفوظ ہیں۔(مرتب)