مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 423
حضرت مولوی حکیم سراج الدین صاحب ؓ آف مڈھ رانجھا حضرت مولوی حکیم سراج الدین صاحبؓ مڈھ رانجھا کے رہنے والے تھے۔آپ قرآن مجید اورمشکوٰۃ شریف سے خوب واقف تھے اورخود عامل بھی تھے اور لوگوں کو بھی انہی میں سے وعظ و پند سنایا کرتے تھے اورپہلا وعظ اہل و عیال پر ہوتا تھا۔طب آپ نے باقاعدہ لاہور میں حاصل کی تھی اور تجربہ تعلیم سے بڑھ کر تھا۔آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر جا کر بیعت کی اور واپس آکر خاموشی اختیار نہ کی بلکہ ہروقت تبلیغ میں کوشاں رہتے۔حضرت کی کتابیں خریدتے۔لوگوں کو جو آپ کے پاس بیٹھتے ان کو سناتے اخباریں دکھاتے۔غرض یہ کہ اب آپ کے لئے آسمان نیا تھا اور زمین بھی نئی تھی۔تضرع بھی حد سے بڑھ کر تھا کہ اللہ تعالیٰ ہدایت کے لئے لوگوں کے دل کھولے۔باوجود امور خانہ داری و پیرانہ سالی جس کو موئے سفید ظاہر کر رہے تھے۔تہجد آپ نے نہ گرمی میں چھوڑا نہ سردی اور نہ برسات میں۔آپ کی عمر پینسٹھ سال کے قریب تھی کہ یکم جولائی ۱۹۲۸ء کو واصل باللہ ہوئے۔٭ ٭ تلخیص از الحکم نمبر۳۴ جلد۳۷ مورخہ ۲۱؍ستمبر ۱۹۳۴ء صفحہ ۷،۸