مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 252 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 252

مکتوب نمبر۱۱۸ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔جَزَاکُمُ اللّٰہُ خَیْرًا۔بابوشاہ دین صاحب کے تعہد اور خبرگیری میں آپ کو بہت ثواب ہو گا۔میں بہت شرمندہ ہوں کہ ان کے ایسے نازک وقت میں قادیان سے سخت مجبوری کے ساتھ مجھے آنا پڑا۔اور جس خدمت کا ثواب حاصل کرنے کے لئے میں حریص تھا وہ آپ کو ملا۔امید کہ ہر روز آپ خبر لیں گے اور دعا بھی کرتے رہیں۔اور میں بھی دعا کرتا ہوں۔میاں غلام محمد مع اپنی بیوی کے لاہور میں آئے ہیں۔معلوم نہیں کہ ان کے بعد اس حصہ مکان میں جہاں وہ سوتے تھے کسی دوسرے کے سلانے کے لئے کیا بندوبست ہوا۔یہ آپ کے ذمہ ہے کہ آپ ان کی جگہ کسی ایسے عیالدار اپنی جماعت کے آدمی کو سلائیں جو خیرخواہ اور ہمدرد ہو خواہ شیخ محمد نصیب کو سلاویں اور اگر وہ نہ آسکیں تو اپنی جماعت کے خاص لوگوں میں سے کسی کو سلاویں۔خواہ مرزا محمود بیگ کو سلاویں۔بندوبست قابل تسلی ہونا چاہئے۔باقی سب خیریت ہے۔چو۴تھے روز ڈاکٹر بینی آتی ہے۔دوا شروع ہے اور شفا اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔اللہ تعالیٰ جلدتر شفا بخشے۔آمین ثم آمین۔٭ والسلام ۱۳؍مئی ۱۹۰۸ء مرزا غلام احمد از لاہور ٭ اخبار بدر جلد۷نمبر۳۱ مورخہ ۱۳؍اگست ۱۹۰۸ء صفحہ۳