مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 246
مکتوب نمبر ۱۱۰ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبیّ اخویمخلیفہ ڈاکٹر رشید الدین صاحب سلّمہ اسسٹنٹ سرجن حسین آباد لکھنؤ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔میں ہمیشہ آپ کو دُعا میں یاد رکھتا ہوں۔اور آپ سے مجھے محبت ہے مگر بباعث کثرت کاروبار تالیف جواب لکھنے میں کوتاہی ہوتی ہے۔اس وقت باعث تکلیف دہی یہ ہے کہ چونکہ گھر میں ابھی کسی قدر عارضہ باقی ہے اور دائی نے وہ آپ کی دوا استعمال کی تھی اور اس سے فائدہ ہوا۔اس لئے پھر اسی دوا کی حاجت ہے اور وہ دوا وہی ہے جو سفوف کو کپڑہ پر چھڑک کر استعمال کرتے ہیں اور روئی کاسہارا دیتے ہیں یہ وہی سفوف ہے جس کے ساتھ لیپ بھی تھا جس کے سبب سے خارش ہوگئی تھی۔اب وہی سفوف پھر درکار ہے اور لیپ کی ضرورت نہیںصرف سفوف درکار ہے۔آپ براہِ مہربانی جہاں تک جلد ممکن ہو وہ سفوف روانہ فرماویں۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمدعفی عنہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔تجویز انشاء اللہ بہت عمدہ ہے۔خدا اس کو مبارک کرے (آمین) اچھا کیا جو آپ نے منظور کیاہے۔راقم خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور