مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 189
مکتوب نمبر۲۱ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ عزیزی محبیّ اخویم ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ دوا پہنچ گئی۔جَزَاکُمُ اللّٰہُ خَیْرًا۔باقی سب خیریت ہے۔والسلام ۱۶؍جولائی ۱۸۹۵ء خاکسار غلام احمد مکتوب نمبر۲۲ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ محبیّ عزیزی اخویم ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلّمہ سول سرجن چکراتہ آپ کا محبت نامہ پہنچا۔باعث مسرت ہوا۔اس جگہ کتاب’’ منن الرحمن‘‘ بہت سرگرمی سے چھپ رہی ہے۔خدا تعالیٰ بخیرو عافیت انجام پہنچاوے۔میرا چھوٹا لڑکا شریف احمد جو اب پیدا ہوا ہے۔چند ہفتہ سے بیمار ہے اب نہایت نحیف ہوگیا ہے۔دست سبزگھاس کے رنگ پر آتے ہیں جیسا کہ درخت کا پتہ سبزہوتا ہے اور ساتھ پانی سفید آتا ہے اور درد ہو کر پاخانہ آتا ہے کچھ بیہوش سا پڑا رہتا ہے اور دُبلا ہوگیا ہے۔اور معدہ میں تبخیر ہو گیا ہے۔اللہ تعالیٰ فضل فرماوے۔میں نے معمولی طور پر یونانی علاج تو کیا مگر ابھی کچھ افاقہ نہیں۔اگر آپ کی سمجھ میں آوے اور کوئی دوا تجربہ میں آ چکی ہو تو ارسال فرماویں مگر جلد ارسال فرماویں۔باقی سب خیریت ہے۔۲۶؍جولائی ۱۸۹۵ء والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان