مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 121 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 121

مکتوب نمبر۱ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ نصیحت اس سے بڑھ کر اور کیا نصیحت ہو سکتی ہے جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الَّذِیْنَ اتَّقَوْا وَالَّذِیْنَ ھُمْ مُحْسِنُوْنَ ۱؎۔ترجمہ یہ ہے کہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جو مجھ سے ڈرتے اور میرے احکام پر چلتے ہیں۔یعنی وہ جو صرف بدی سے پرہیز نہیں کرتے بلکہ بدی کو ترک کر کے نیک اعمال بھی بجا لاتے ہیں سو خدا تعالیٰ کا یہ فرمانا کہ میں پرہیزگاروں اور نیکوکاروں کے ساتھ ہوں۔اس کے یہ معنے ہیں کہ ایسے لوگ موردمراحم اور الطاف اور فیوض الٰہیہ ہیں۔جس شخص کے ساتھ صرف چراغ ہو اس کی راہ کی تاریکی دور ہو جاتی ہے۔پس جس کے ساتھ خدا ہو وہ کیونکر تاریکی میں رہ سکتا ہے۔مگر تقویٰ شعاری اور نیکوکاری بھی مشکل ہے۔درحقیقت ایک موت ہے۔اور یہ مرتبہ کثرت دعا اور کثرت استغفار سے میسر آ سکتا ہے۔پھر بھی خدا کا فضل شرط ہے۔بجز فضل کے نہ دنیا درست ہو سکتی ہے اور نہ زبان اور نہ دل۔فضل ہر یک توفیق کی جڑ ہے۔٭ والسلام میرزا غلام احمد ـــــــمکتوب نمبر۲ حضور کی خدمت میں درخواست کی گئی کہ چند کلمات دعائیہ لکھ دیں جو موجب برکت ہوں۔السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ میاں احمد دین بہت استغفار پڑھتے رہیں یعنی اس قدر کہ اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ۔اور یہ دعا بہت پڑھیں۔یَاحَیُّ یَا قَیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ۔اور اپنی زبان میں بھی گناہوں کی معافی چاہتے رہیں۔٭٭ والسلام میرزا غلام احمد ۱؎ النحل : ۱۲۹ ٭، ٭٭ بدر نمبر۱۷ جلد۷ مورخہ ۳۰؍اپریل ۱۹۰۸ء صفحہ ۷