مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 103 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 103

حضرت مولوی محمد اسماعیل صاحب چٹھی مسیحؓ سلسلہ کے مشہور پنجابی شاعر مولوی محمد اسماعیل صاحب ساکن ترگڑی ضلع گوجرانوالہ نے جب اپنی مقبولِ عام پنجابی نظم ’’چٹھی مسیح‘‘ لکھی تو وہ خود اس کا مسودہ لے کر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے اور مسجد مبارک میں جبکہ حضور علیہ السلام اور صحابہ کرام تشریف فرماتھے۔مولوی صاحب موصوف نے اس نظم کے پڑھنے کی اجازت چاہی اور اجازت ملنے پر آپ نے کھڑے ہو کر ایک خاص انداز اور خوش الحانی کے لہجہ میں سنائی۔اس نظم کو سن کر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام مسرور ہوئے۔یہ نظم ’’چٹھی مسیح‘‘ کے نام سے چھاپی گئی اور اس وقت تک اس کے کئی ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔اس کے کچھ عرصہ بعد مولوی محمد اسماعیل صاحب نے ایک دفعہ حضور علیہ السلام کی خدمت میں اس مضمون کا عریضہ لکھا کہ میرے علاقہ میں ایک صوفی ہے جو کہتا ہے کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ آپ (مولوی محمد اسماعیل صاحب) ہندئووں کے طرفدار ہو کر ان کی طرف سے جھگڑتے ہو اور آپ کے پاس پٹاخے ہیں۔ان پر لفظ ’’گناہ‘‘ لکھا ہے اور آپ کے متعلق یہ الفاظ مجھے دکھائے گئے۔’’من الاسلام برطرفھا‘‘ مولوی محمد اسماعیل صاحب مرحوم نے اس خواب کے ساتھ اپنی پریشانی کا بھی حال تحریر کیا اور لکھا کہ میں بڑا حیران ہوں اور بہت استغفار کر رہا ہوں۔ان کا خط پڑھ کر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے حضرت مفتی محمد صادق صاحب کو لکھا کہ (ان دنوں حضرت مفتی صاحب ڈاک کا جواب دیا کرتے تھے)۔