مکتوبات احمد (جلد سوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 126 of 558

مکتوبات احمد (جلد سوم) — Page 126

مکتوبات احمد ۱۱۸ جلد سوم مکتوب نمبر ۴۲ مکرمی محبی اخویم صاحبزادہ سراج الحق صاحب سلّمه السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ عنایت نامہ مجھ کو قادیان میں ملا۔مجھے یقین ہے کہ آپ اس نواح میں اشاعت حق کے لئے بڑی سرگرمی سے کام کرتے ہوں گے لیکن ترتیب اثر وقت پر موقوف ہے۔آپ نے جو ایک انسپکٹر کے نام جیند میں کتاب روانہ کرائی تھی۔وہ شخص بڑی کراہت کے ساتھ کتاب لینے سے انکار کر گیا اور کتاب واپس آئی۔آئندہ آپ کو اگر کوئی شخص خریداری کتاب کا شوق ظاہر کرے تو اول خوب آزما لینا چاہئے کہ آیا فی الواقع سچے دل سے خریدنے کے لئے مستعد ہے یا صرف لاف و گزاف کے طور پر بات کرتا ہے۔وجہ یہ ہے کہ آج کل لوگوں کے دلوں میں سخت کینہ پیدا ہو رہا ہے اور بجائے اخلاص کے بغض و عداوت میں ترقی کر رہے ہیں۔آپ کی ملاقات کا بہت شوق ہے۔دیکھئے کب میسر آتی ہے۔امید ہے کہ تا دم ملاقات اپنی خیر وعافیت سے مطمئن و مسرور فرماتے رہیں گے۔باقی خیریت ہے۔۲۶ نومبر ۱۸۹۱ء والسلام الراقم خاکسار غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور