مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 65
مکتوب نمبر۴۰ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا بجنسہٖ کچھ مناسب کلمات ساتھ لکھ کر پیر صاحب کی خدمت میں بھیج دیا گیا۔صاحبزادہ افتخار احمد صاحب جن کی ہمشیرہ سے تجویز نسبت ہے۔نہایت سعادتمند اور اہل دل آدمی ہیں۔ان کو آپ کی ذات سے کوئی پرخاش نہیں۔صرف آج کل کے شور و غوغا کے لحاظ سے انہوں نے تحریر کیا تھا۔امید کہ حکیم فضل دین کے پہنچنے پر بلاتامل بات پختہ ہو جائے گی۔اس جگہ سب طرح سے خیریت ہے۔رسالہ سراج منیر اور اشعۃ القرآن کی تکمیل میں چند طرح کی مشکلات درپیش تھیں۔اب بفضلہ تعالیٰ وہ سب طے ہوگئی ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں یہ کام شروع ہو جاوے۔صرف ترتیب ظاہری عبارت کی کسی قدر باقی ہے۔سو یہ کام فقط دس پندرہ روز کا ہے۔اگر صحت اور فرصت رہی تو یکم رمضان میں یہ کام طبع کا بفضلہ تعالیٰ شروع ہو جائے گا۔باقی بفضلہ تعالیٰ سب طرح سے خیریت ہے۔بشیر احمد خیر و عافیت سے ہے۔والسلام ۱۶؍ اپریل ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد از قادیان