مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 608 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 608

مکتوب نمبر ۲۲۵ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔آپ کے تردد کا حال معلوم ہوا۔خدا تعالیٰ آپ کو اپنی طرف سے اطمینان بخشے۔آمین۔رسالہ انوار الاسلام تین دن تک یا چار دن تک چھپ کر آجائے گا۔امید کہ وہ آپ کے اطمینان کا موجب ہو۔تاہم بہترہے کہ آپ ایک ہفتہ کی رخصت لے کر ضرور ہمارے پاس آجائیں۔میں بباعث کثرت مہمانان پہلے اس سے خط نہیں لکھ سکا۔بخدمت اخویم میاں نور احمد صاحب السلام علیکم۔باقی خیریت ہے۔والسلام ۲۶؍ستمبر ۱۸۹۴ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر ۲۲۶ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں مبلغ پچیس روپے مرسلہ آں محب مجھ کو ملے۔جزاکم اللہ خیراً۔امید کہ’’ اشتہار چارہزار روپیہ‘‘ پہنچ گیا ہوگا۔میری صلاح ہے کہ کل اشتہار دونوں پیشگوئیوں کے متعلق رسالہ انوارالاسلام کے ساتھ شامل کرکے اپنے مخلص دوستوں کے نام بھیجے جاویں اور وہ ایک جلد میں ان کو مجلد کرالیں۔والسلام ۲؍نومبر ۱۸۹۴ء خاکسار غلام احمد