مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 587 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 587

مکتوب نمبر ۱۹۴ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ابھی اس وقت آ پ کے لئے تضرع اور ابتہال سے دعا کی گئی۔بفضلہ تعالیٰ ضائع نہ جائے گی اور اس کا اثر ہو گا۔آپ صبر سے منتظر رہیں۔ہرگز ہر گز بے صبری نہ کریں۔اپنے کام کو پوری توجہ اور ہوشیاری سے کریں۔والسلام ۲۶؍ جنوری ۱۸۹۲ء خاکسار غلام احمد از قادیان مکتوب نمبر ۱۹۵ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی محبی اخویم سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ یہ عاجز قادیان میں آگیا ہے اور ایک رسالہ دافع الشبہات تالیف کرنے کی فکر میں ہے۔براہ مہربانی وہ کتاب جو آپ نے مولوی غلام حسین صاحب سے لی ہے یعنی تاویل الاحادیث شاہ ولی اللہ صاحب ضرور مجھ کو بھیج دیں۔ہرگز توقف نہ فرماویں کہ اس کا دیکھنا ضروری ہے۔والسلام ۱۹؍مئی ۱۸۹۲ء خاکسار غلام احمد ازقادیان نوٹ:۔اس خط میں بھی از جانب محمد اسماعیل اور محمد سعید السلام علیکم درج ہے۔سیّد محمد سعید دہلوی حضرت میر صاحب قبلہ رضی اللہ عنہ کے عزیزوں میں سے تھے۔وہ یہاں قادیان آئے اور حضرت نے انہیں مہتمم کتب خانہ بنادیا تھا۔پھر ان کی شامتِ اعمال انہیں یہاں سے لے گئی اور گمنامی میں رخصت ہوئے۔(عرفانی)