مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 579
مکتوب نمبر ۱۸۲ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مشفقی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کے لئے دعا کی جاتی ہے تسلی رکھیں۔میری طبیعت بباعث ایک مرض دوری کے اکثر بیمار رہتی ہے اور ضعف بہت ہو گیا ہے۔امید کہ اللہ تعالیٰ فضل کرے گا اور آپ اندیشہ مند نہ ہوں اور توبہ و استغفار میں مشغول رہیں۔زمین پر کچھ نہیں ہو سکتا جب تک آسمان پر نہ ہو۔خدا تعالیٰ پر قوی بھروسہ رکھیں۔میرا ارادہ ہے کہ تبدیلی ہواکے لئے ۳؍ جولائی ۱۸۹۰ء تک لودھیانہ میں جائوں۔اگر آپ کی ملاقات ہو تو بہت بہتر ہے۔اللہ تعالیٰ غفور الرحیم ہے۔محبت اور یقین سے اس پر اُمید رکھو۔۲۵؍جون ۱۸۹۰ء والسلام مکتوب نمبر ۱۸۳ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مشفقی مکرمی اخویم سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کے لئے جو اللہ جلّشانہٗ نے بہتر سمجھا ہے وہی ہو گا اور امید رکھتا ہوں کہ دعا کا اثر آپ کے حق میں خیرو برکت ہو گا۔۔۱؎ غالباً ۷؍ جولائی۱۸۹۰ء کو لودھیانہ کی طرف روانہ ہوں گا۔اقبال گنج کے محلہ میں میر ناصر نواب کا مکان ہے۔وہاں سے میرا پتہ معلوم ہو گا۔اضطراب نہ کریں، تسلی رکھیں۔والسلام یکم جولائی ۱۸۹۰ء خاکسار غلام احمد