مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 553 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 553

مکتوب نمبر ۱۴۱ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔اب بفضلہ تعالیٰ بشیر احمد کی طبیعت صحت پر آگئی ہے اور آپ کے لئے بہت غور اور فکر کیا۔سو اس موسم کے موافق جو کچھ اللہ تعالیٰ کے ایما سے میرے دل میں گزرا ہے وہ یہ ہے کہ آپ زردی بیضہ نیم برشت استعمال کریں۔یعنی خوب پانی گرم کر کے ایسا کہ ابلنا شروع ہو جائے۔انڈے اس میں ڈال دئیے جائیں اور انڈے ڈال کر ڈیڑھ سو کی گنتی پوری کی جائے۔جب شمار ڈیڑھ سو تک پہنچ جائے تو بلاتوقف انڈے پانی سے نکال لئے جائیں۔ایک ہفتہ تک تین انڈے صبح اور تین شام خوراک رکھیں۔جب معلوم ہو کہ انڈا موافق آگیا ہے تو پھر تین کی جگہ چار کر دئیے جائیں۔دوسرے یہ کہ گرم پانی کر کے اور اگر مل سکے تو اس میں تین چار ماشہ بنفشہ اور پانچ چار تولہ کدو ڈال کر گرم کریں اور اس میں غسل کریں صبح اور شام، تیسرے روغن ماہی، جو امرتسر اور لاہور میں مل سکتا ہے، بدن کو فربہ کرتا ہے۔مگر ابھی وہ شائد گرمی کرے گا۔سردی کے موسم میں ضرور استعمال کریں اورنیز سردی کے موسم میں آپ کے لئے کوئی ماء اللحم تجویز کر دیا جائے گا۔حالات خیریت سے اطلاع بخشیں۔والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپورہ انڈے میں سے صرف زردی کھانی چاہئے۔سفیدی نہیں کھانی چاہیے۔نوٹ: اس خط پر تاریخ درج نہیں ہے۔مگر مضمون سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ستمبر ۱۸۸۸ء کا خط ہے۔(عرفانی)