مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 49 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 49

میں نے آگے بھی ایک خط میں اطلاع دی تھی کہ ایک صاحب فتح خاں نامی میرے پاس رہتے ہیں اور میری خدمت میں ملازموں کی طرح مشغول ہیں۔نیک بخت اور دیندار آدمی ہے۔ان کا چھوٹا بھائی عبداللہ خاں نام بیکار ہے۔قرضداری بہت ہے۔وہ بھی مضبوط معمر بست سالہ اور خوب ہوشیار اور کارکن آدمی اور سپاہیانہ کاموں کیلئے بہت مناسبت رکھتا ہے۔مجھے فتح خاں کے حال پر بہت رحم آتا ہے۔میرا ارادہ ہے کہ یہ چھوٹا بھائی اس کا عبداللہ کسی سات آٹھ روپے تنخواہ پر نوکر ہو جائے، قرضہ کی بلا سے کچھ تخفیف ہو۔اگر آں مخدوم کوشش فرماویں تو یقین ہے کہ کسی امیر معزز عہدہ دار کی اردل میں یا ایسی ہی کسی اور جگہ نوکر ہو جاوے۔مگر تنخواہ سات آٹھ روپے سے کم نہ ہو۔فارسی بھی پڑھا ہوا ہے۔اچھا بدن کا مضبوط ہے۔والسلام خاکسار ۲۰؍ دسمبر ۱۸۸۷ء غلام احمد مکرر یہ کہ مجھے یاد آیا ہے کہ یہ دو سَوچالیس روپے ایک حساب سے پورا تین سَو ہو گیا ہے کیونکہ پہلے علاوہ پانسو روپیہ کے ساٹھ روپے آپ کے زیادہ آگئے ہیں۔پس ساٹھ روپیہ ملانے سے پورا تین سَو ہو گیا اور کل روپیہ جو آج تک آپ کی طرف سے آیا۔آٹھ سَو روپیہ ہوا۔کشمیر کا تحفہ زیرہ عمدہ اور دو تولہ زعفران اگر ملے تو ضرور آں مخدوم لے آویں۔زیرہ کی اس جگہ نہایت ضرورت رہتی ہے۔والسلام خاکسار غلام احمد