مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 552 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 552

مکتوب نمبر ۱۳۹ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔پہلے اس عاجز کی طبیعت چند روز بعارضہ تپ بیمار رہی تھی۔اب بفضلہ تعالیٰ بالکل صحت ہے اور سب طرح سے خیریت ہے۔امید کہ اپنی خیروعافیت سے ہمیشہ مطلع فرماتے رہیں۔تلی کے واسطے مولیوں کا اچار اور انجیر کا اچار جو سرکہ میں ڈالا جائے۔نہایت مفید ہے۔ان دونوں چیزوں کو جوش دے کر سرکہ میں ڈال دیں اور پھر کبھی روٹی کے ہمراہ یا یوں ہی کھا لیا کریں اور سکنجبین صادق الحموضتیعنی جو خوب ترش ہو بہت مفید ہے۔والسلام ۱۴؍ ستمبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمداز قادیان مکتوب نمبر ۱۴۰ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کے مستقل کورٹ انسپکٹر ہونے سے بہت خوشی ہوئی۔اللہ جلّشانہٗ مبارک کرے۔اشتہارات آپ کی خدمت میں بھیجے گئے تھے۔ان کی اب تک رسید نہیں آئی۔معلوم نہیں کہ آپ اب کی دفعہ کون سے اشتہارات مانگتے ہیں۔مفصل تحریر فرماویں تا بھیجے جاویں اور اس جگہ بفضلہ تعالیٰ سب طرح سے خیریت ہے۔والسلام ۲۶؍ ستمبر ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد از قادیان