مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 545
مکتوب نمبر ۱۲۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچ کر موجب خوشی ہوا۔رسالہ جو انگریزی میں ترجمہ کیا جائے گا اور سراج منیر ان دونوں رسالوں کی نسبت میری تجویز ہے کہ ایک ہی جگہ کردی جائیں کیونکہ ان کے باہم تعلقات ایسے ضروری ہیں کہ ایک دوسرے سے الگ کردینے میں اثر مطلوب بہت کم ہو جاتا ہے۔جس قدر توقفات ظہور میں آئے وہ سب حکمت الٰہی اور مصلحت ربّانی تھے۔اب امید کی جاتی ہے کہ منتظرین کی خواہش بہت جلد پوری ہوجائے۔ہمیشہ اپنی خیرو عافیت سے مطلع فرماتے رہیں۔کہ گو مجھے خط لکھنے کا کم اتفاق ہو مگر آپ کی طرف خیال رہتا ہے۔والسلام ۱۶؍اپریل ۱۸۸۸ء خاکسار غلام احمد ازقادیان مکتوب نمبر ۱۲۷ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ بشیر احمد سخت بیمار ہوگیا تھا۔اس لئے یہ عاجز ڈاکٹر کے علاج کے لئے بٹالہ میں آگیا ہے۔شاید ماہ رمضان بٹالہ میں بسرہو۔بالفعل نبی بخش ذیلدار کے مکان پر جو شہر کے دروازہ پر ہے، فروکش ہوں۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۸؍شعبان خاکسار ۱۱؍مئی ۱۸۸۸ء غلام احمد از قادیان