مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 529 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 529

مکتوب نمبر ۱۰۵ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی۔السلام علیکم روغن زرد جو کہ آٹھ ثار خام تھا وہ اب تک نہیں پہنچا اور دوسری مرتبہ کا شاید تیس ثار تھا۔وہ پہنچ گیا ہے۔اگر آپ کوشش کریں تو پہنچ جائے۔بے فائدہ نہ جائے۔اگر ممکن ہو تو دو آنے کے پان بھی بھیج دیں۔اب امید رکھتا ہوں کہ کام جلدی شروع ہوگا۔مفصل کیفیت پیچھے سے لکھوں گا۔عبدالرحمن کو میں نے کہہ دیا ہے شاید ہفتہ عشرہ تک آپ کی خدمت میں حاضر ہوگا۔والسلام ۲۶؍اکتوبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد ازقادیان مکتوب نمبر۱۰۶ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ۵؍ ثار خام گھی پہنچ گیا آپ جو محض لِلّٰہِ تکالیف خدمت اُٹھا رہے ہیں۔خدا وندکریم جلّشانہٗ اس کو باعث اپنی خوشنودی کا کرے۔جیسے لوگ آج کل اپنی بد خیالی و بدظنی میں ترقی کر رہے ہیں۔آپ خدمت و خلوص میں ترقی کرتے جاتے ہیں۔خدا تعالیٰ ایسے قحط الرجال کے وقت میں ان مخلصانہ خدمتوں کا دوہرا ثواب آپ کو بخشے۔لودھیانہ کے خط سے معلوم ہو ا ہے کہ اخویم میر عباس علی صاحب کی طبیعت کچھ علیل ہے۔خدا تعالیٰ جلد تر ان کو شفا بخشے۔والسلام ۲۸؍ اکتوبر ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد