مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 492
مکتوب نمبر ۵۲ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔شیخ مہر علی صاحب کے لئے میں نے اس قدر دعا کی ہے کہ جس کا شمار اللہ تعالیٰ ہی کو معلوم ہے۔اللہ جلّشانہٗ اس کی جان بخشی کرے کہ وہ کریم و رحیم ہے۔رونے والوں کو ایک دم ہنسا سکتا ہے۔سندر داس کے لئے بھی دعا کی ہے۔مگر اسے کیوں ایسا مضطر ہوناچاہئے۔وہ تو ابھی لڑکا ہے اور ابھی بہت سا وسیع میدان درپیش ہے۔مجھے معلوم نہیں کہ آپ نے کس قدر روپیہ لاہور میں بھیجا ہے۔اگر کچھ بقیہ آپ کے پاس ہو تو مجھے بعض ضروریات کے لئے منگوانا ضروری ہے۔اس سے جلد تر اطلاع بخشیں اورنیز معلوم ہوتا ہے کہ قرضہ کی بھی ضرورت پڑے گی۔سو اگر آپ دو سَو روپیہ تک قرضہ کا انتظام کر دیں تو اس قسم کا ثواب بھی آپ کو حاصل ہو گا۔باقی خیریت ہے۔مقدمہ شیخ مہر علی صاحب سے اطلاع بخشیں۔والسلام مکتوب نمبر۵۳ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مشفقی مکرمی محبی۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ معہ قصیدہ متبرکہ موصول ہوکر بہت خوشی ہوئی۔جزاکم اللہ خیرا لجزاء۔اگر چند بوتل سوڈا واٹر مل سکیں تووہ بھی بھیج دینا۔یہ قصیدہ انشاء اللہ درج کتاب کرا دوں گا۔والسلام خاکسار غلام احمد از لودھیانہ