مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 491
مکتوب نمبر ۵۱ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔انشاء اللہ القدیر شیخ میر محمد صاحب کے واسطے دعا کروں گا۔آپ بالفعل پچیس روپیہ بذریعہ منی آرڈر اس جگہ کی ضرورتوں کے لئے ارسال فرما ویں اورباقی روپیہ کی وصولی کا جہاں تک ممکن ہو جلد بندوبست کریں تا وہ روپیہ سراج منیر کے کسی کام آوے اور قند جیساکہ آپ نے ہوشیار پور بھیجا تھا اور دو روپیہ کے شیر مال تازہ تیا رکروا کے ٹوکری میں بند کر کے بذریعہ ریل بھیج دیں اوراوّل اس کی بلٹی بھیج دیں اور شیخ صاحب مہر علی صاحب کی صورت مقدمہ سے اطلاع بخشیں۔سندر داس کی کامیابی سے خوشی ہوئی۔اللہ تعالیٰ اس کو سچی ہدایت بھی بخشے کہ بجز قوم میں سے باہر آنے کے ہرگز حاصل نہیں ہو سکتی۔وَاللّٰہُ یَھْدِیْ اِلَیْہِ مَن یَّشَآئُ۔بخدمت چوہدری محمد بخش صاحب سلام مسنون۔دو سو روپیہ جو قرضہ لیا جائے گا۔آپ اپنے طور پر تیار رکھیں کہ جب نزدیک یادیر سے اس کی ضرورت ہوئی تو بھیجنے میں توقف نہ ہووے۔