مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 453
مکتوبات احمد لده الله جلد دوم عرض حال خدا کا شکر ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مکتوبات کی پانچویں جلد کا تیسرا نمبر شائع کرنے کی توفیق پاتا ہوں ۔ یہ مکتوبات چوہدری رستم علی خان صاحب رضی اللہ عنہ کے نام کے ہیں ۔ مجھے اس مجموعہ مکاتیب کے متعلق کچھ کہنا نہیں ۔ مخدومی ڈاکٹر محمد اسمعیل صاحب نے الفضل میں جو کچھ لکھا ہے ۔ میں اسے کافی سمجھتا ہوں ۔ البتہ مجھے مخدومی اخوند محمد افضل خاں صاحب پنشر سب انسپکٹر کا شکریہ ادا کرنا ہے کہ وہ نہایت جوش اور اخلاص سے سیرۃ مسیح موعود کی اشاعت و تحریک کے کام میں لگے ہوئے ہیں ۔ اگر چند احباب ان کے نقش قدم پر چل کر اس کی اشاعت کی کوشش کریں اور ایک ہزار خریدار پورے ہو جائیں ۔ تو میں ہر مہینے ایک نمبر شائع کرسکوں ۔ مجھے یہ کہتے ہوئے شرم آتی ہے کہ افسوس ہے ۔ ابھی تک جماعت میں ایسے قدر دانوں کی تعداد بہت کم ہے۔ جو ان بیش قیمت موتیوں کی اصل قدر کریں ۔ بہر حال اپنا کام جس رفتار سے ممکن ہے۔ کرتا رہوں گا ۔ جب تک خدا تعالیٰ توفیق دے۔ تاہم دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ اس کام میں میرے مددگار ہوں ۔ والسلام خاکسار عرفانی کنج عافیت قادیان دارالامان ۱۸ فروری ۱۹۲۹ء رمضان ۴۷