مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 38 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 38

مکتوب نمبر۲۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی ومکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلّمہ تعالیٰ۔عنایت نامہ موصول ہو کر موجب خوشی و شکر و ممنونی ہوا۔پادری صاحب کی نکتہ چینی کے جواب میں جو کچھ آپ نے لکھا ہے نہایت ہی خوب ہے۔جزاکم اللّٰہُ خیراً جزاکم اللّٰہ خیرًا۔دین اسلام منجانب اللہ ہے۔یہی ایک حکیمانہ مذہب ہے جو حکمت کے قواعد پر مبنی ہے۔اس دین میں یہ بات نہیں کہ ہمیشہ ایک گال پر طمانچہ کھا کر دوسری بھی پھیر دیا کریں۔بلکہ جو مناسب وقت (ہو) اس کے کرنے کی تاکید ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۱؎ یہ نہیں فرمایا جَادِلْھُمْ بِالْحِلْمِ۔اِنْشَائَ اللّٰہُ الْقَدِیْرُ ٹھا کرد اس کیلئے دعا کروں گا اور مصارف مطبع کیلئے چند اور دوستوں کو بھی لکھا ہوا ہے ان کے جواب آنے پر اطلاع دوں گا۔٭ والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان نوٹ: اس خط پر کوئی تاریخ نہیں۔مگر اس پر یکم جون کی ڈاکخانہ کی مہر ہے اور قادیان کی مہر ۳۱؍مئی ۱۸۸۷ء کی ہے۔یہ ایک پوسٹ کارڈ ہے۔(عرفانی)