مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 421 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 421

اور دوسرے یہ اشارہ معلوم ہوتا ہے کہ میری دعائیں آپ کو نصرت کا کام دیں گی۔ایسا ہی آپ کو میرناصر نواب صاحب نظر آئے اس میں بھی نصرت کا لفظ ہے اور میرا بیٹا بھی آپ کو نظر آنا بشارت ہے کیونکہ دعا بجائے بیٹے کے ہوتی ہے گویا وہ دعا اوّل ایک ہندو کے پاس محبوس تھی یعنی اس کے ظہور کا وقت نہیں آیا تھا اور اب وقت قریب ہے۔غرض ہر ایک جز اس خواب کی بہت مبارک ہے۔آپ کو چاہئے کہ مردِ میدان اور پہلوان بن کر اب چند روز کی ابتلائوں کو برداشت کر لیں۔انشاء اللہ آسمان پرسے آپ کے لئے کوئی راہ نکل آئے گی اور حلوا پہنچ گیا ہے خد اتعالیٰ آپ کو بہت بہت جزائے خیردے کہ مدراس کارزق قادیان پہنچا دیا۔حلوا بظاہر بباعث شدت موسم گرما خراب ہو گیا اوراس پر وہ زنگ جیسا شیرینی پر چڑھ جاتا ہے ایسا چڑھ گیا تھاکہ شیرینی پھینکنے کے لائق معلوم ہوتی ہے۔بعض نے کہا اب قابل استعمال نہیں لیکن ایک خادمہ نے کہا کہ میں اس کو نئے سرے سے بنا دیتی ہوں۔پھر خبر نہیں کہ اس نے کیا کیا، ایسی عمدہ شیرینی بطور قرص بنا لائی کہ نہایت لذیذتھی۔اسی وقت تمام اہل وعیال میں تقسیم کی گئی۔چونکہ بھیجنے والوں نے محبت اور ارادت سے بھیجی تھی اس لئے خدا نے شیرینی کو بگڑنے اور بیکار ہونے سے محفوظ رکھا۔خدا اُن کو جزائے خیر بخشے اورآپ کو جزائے خیر بخشے آمین۔باقی سب طرح خیریت ہے۔طاعون کا اس علاقہ میں پھر زور ہوتاجاتا ہے۔کوہ کسولی پر طاعون زور سے شروع ہوگئی۔بعض سرکاری خبروں سے معلوم ہوا کہ احاطہ بمبئی میں ہماری جماعت دس ہزار سے بھی کچھ زیادہ ہے اور پنجاب میں اُونچاس ہزار ہماری جماعت ہے۔ابھی سرکاری کاغذات ہم کو نہیں ملے۔کوشش کی جاتی ہے کہ ان کی نقل مل جائے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد