مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 35 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 35

مکتوبات احمد ۳۵ جلد دوم مکتوب نمبر ۲۲ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلمہ تعالیٰ ۔ بعد السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ عنایت نامہ عین انتظار میں پہنچا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش و خرم رکھے۔ میں پروردگار جلشانہ کا شکر ادا نہیں کر سکتا جس نے ایسے صادق اور کامل الوداد دوست میرے لئے میسر کئے ۔ فالحمد لله علی احسانه پانچ رساله شحنه حق خدمت شریف میں روانہ کئے گئے ہیں ۔ کتنی مجبوریوں کے پیش آنے کی وجہ سے میرا ارادہ ہے کہ اپنا مطبع تیار کر کے سراج منیر وغیرہ کتب اس میں چھپواؤں ۔ سو اگر خدا تعالیٰ نے اس کام کے لئے سرمایہ میسر کر دیا تو جلد پر لیس وغیرہ کا سامان ضروری خرید کر کتابوں کا چھپوانا شروع کیا جائے ۔ اس طرف اب بشدت گرمی پڑتی ہے ۔ امید ہے کشمیر میں خوب بہار ہو گی ۔ کشمیر کا تحفہ کشمیر کے بعض عمدہ میوے ہیں جیسے گوشہ بگو کی لوگ بہت تعریف کرتے ہیں مگر وہ میوہ ذخیرہ خور وہ نہیں ہیں ۔ امید رکھتا ہوں کہ جلد جلد حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں گے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اور خوشی خورمی سے لاوے اور آپ کے ساتھ رہے ۔ آمین ۔ والسلام ۱۱ رمتی ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ از قادیان ☆