مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 356 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 356

مکتوب نمبر ۲۰ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ‘۔مجھے بذریعہ اس خبر کے پہنچنے سے کہ آں مکرم کے گھر کے لوگوں نے یکدفعہ انتقال کیا، اس قدر حزن و غم ہوا کہ تحریر سے باہر ہے۔اللہ جلّشانہٗ آپ کو صبر بخشے۔علاوہ مفارقت کے خانہ داری امور کی ابتری ایک مصیبت ہے مگر چونکہ اللہ جلّشانہٗ کا یہ فعل ہے اس لئے استقلال کے ساتھ صبر کرنا چاہئے اور شریعت اسلام میں اور احادیث رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم سے اس بات کی تاکید پائی جاتی ہے کہ دوسری شادی کریں۔میرے نزدیک یہ بہت مناسب ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے۔میں نے آپ کے لئے بہت دعا کی ہے اور میں چند روز سے بعارضہ درد پہلو اور تپ اور کھانسی بیمار ہوں اور آپ کی نہایت محبت اس خط کے لکھنے کا موجب ہوئی ورنہ میں اپنے ہاتھ سے بباعث ضعف کے خط نہیں لکھ سکتا۔اسی وقت مبلغ یک صد روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو پہنچا جزاکم اللّٰہ خیرا لجزاء واحسن الیکم فی الدنیا والعقبٰی۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام یکم جولائی ۱۸۹۷ء خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور