مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 348 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 348

مکتوب نمبر۹ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سَو روپیہ آنمکرم مجھ کو ملا اور حال خیروعافیت معلوم ہوا۔خدا تعالیٰ آپ کو ان مخلصانہ خدمات کا ثواب دارَین میں بخشے اور نیز آپ کے اموال میں برکت عطا کرے۔٭…٭…٭ مکتوب نمبر۱۰ مخدومی مکرمی حبی فی اللہ حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آن محب مجھ کو پہنچا۔اس کے عجائبات میں سے ایک یہ ہے کہ اس روپیہ کے پہنچنے سے تخمیناً سات گھنٹہ پہلے مجھ کو خدائے عزوجل نے اس کی اطلاع دی۔سو آپ کی اس خدمت کے لئے یہ اجر کافی ہے کہ خدا تعالیٰ آپ سے راضی ہے۔ا س کی رضا کے بعد اگر تمام جہاں ریزہ ریزہ ہو جائے تو کچھ پرواہ نہیں۔یہ کشف اور الہام آپ ہی کے بارہ میں مجھ کو دو دفعہ ہوا ہے۔فالحمدللہ الحمدللہ۔اس وقت میں تین رسالے اتمام حجت کے لئے تالیف کر رہا ہوں اور جو دوسرے رسالہ عیسائی مذہب پر لکھ رہا ہوں۔ان میں یہ ایک توقف ہے کہ چند یہودیوں اور ……کی کتابیں میرے پاس انگریزی میں پہنچی ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ ان کا ترجمہ کراکر کچھ ان کے مقاصد جو کار آمد ہوں ان رسائل میں درج کر دوں اور یہ رسالہ جو اب چھپ رہا ہے۔غالباً وہ تین ہفتہ تک آپ کی خدمت میں بھیج دیا جائے گا۔والسلام ۲؍ اکتوبر ۱۸۹۶ء خاکسار مرزا غلام احمد