مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 291 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 291

مکتوب نمبر۸۰ ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عزیزی محبی اخویم نواب صاحب سلّمہ اللہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس وقت آپ کا پریشانی سے بھرا ہوا خط پڑھ کر میرے دل کو اس قدر قلق اور اضطراب کا صدمہ پہنچا جو میں بیان نہیں کر سکتا۔مجھے بباعث لحوقِ امراض و صدمات ضعف قلب ہے۔کسی مخلص دوست کے غم سے بھری ہوئی بات کو سن کر اس قدر متاثر ہو جاتا ہوں کہ گویا وہ غم میرے پر ہی وارد ہو گیا۔مجھے آپ کی غمخواری کیلئے بے اختیار ایک کشش اور کرب دل میں پیدا ہو گیا ہے۔انشاء اللہ القدیر میں پوری توجہ سے آپ کیلئے دعا کروں گا۔مگر اے عزیز! آپ کو یاد رہے۔ہمارا آقا و مولیٰ ۱؎ نہایت درجہ کا مہربان اور رحیم و کریم ہے کہ اپنے گنہ گار بندوں کی پردہ پوشی کرتا ہے اور آخر وہی ہے جو اُن کے زخموں پر مرہم رکھتا ہے اور اُن کی بیقراری کی دعاؤں کو سنتا ہے۔کبھی کبھی وہ اپنے بندہ کی آزمائش بھی کرتا ہے لیکن آخر کار رحم کی چادر سے ڈھانک لیتا ہے۔اُس پر جہاں تک ممکن ہو توکّل رکھو اور اپنے کام اُس کو سونپ دو۔اُس سے اپنی بہبودی چاہو مگر دل میں اُس کی قضاء وقدر سے راضی رہو۔چاہئے کہ کوئی چیز اُس کی رضا سے مقدم نہ ہو۔میں آپ کیلئے بہت دعا کرتا ہوں اور کروں گا اور اگرکچھ معلوم ہوا تو آپ کو اطلاع دوں گا۔آپ درویشانہ سیرت سے ہر یک نماز کے بعد گیارہ دفعہ لاحول ولا قوۃ الا باللّٰہ العلی العظیم پڑھیں اور رات کو سونے کے وقت معمولی نماز کے بعد کم سے کم اکتالیس دفعہ درود شریف پڑھ کر دو رکعت نماز پڑھیں اور ہر یک سجدہ میں کم سے کم تین دفعہ یہ دعا پڑھیں یاحی یا قیوم برحمتک استغیث۔۲؎ پھر نماز پوری کر کے سلام پھیر دیں اور اپنے لئے دعا کریں۔اور مرزاخدا بخش کو کہہ چھوڑیں کہ جلد جلد مجھے اطلاع دیویں۔دہلی میں آ کر میری طبیعت بہت علیل ہوگئی ہے۔اس وقت خارش کی پھنسیاں ایسی ہیں جیسے شاخ کو پھل لگا ہوا ہوتا ہے۔اسی وجہ سے بخار بھی رہا۔ریزش بھی