مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 290 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 290

مکتوب نمبر۷۹ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ مجھ کو ملا۔جو کچھ آپ نے مجھ کو لکھا ہے اس سے مجھے بکلّی اتفاق ہے۔میںنے مفتی محمد صادق صاحب کو کہہ دیا ہے کہ آپ کے منشاء کے مطابق جواب لکھ دیں اورآپ ہی کی خدمت میں بھیج دیں۔آپ پڑھ کر اور پسند فرما کر روانہ کر دیں۔ہاں ایک بات میرے نزدیک ضروری ہے گو آپ کی طبیعت اس کو قبول کرے یا نہ کرے اوروہ یہ ہے کہ ہمیشہ دو چار ماہ کے بعد کمشنر صاحب وغیرہ حکاّم کو آپ کا ملنا ضروری ہے۔کیو نکہ معتبر ذریعہ سے معلوم ہوا ہے کہ بعض شکی مزاج حکاّم کو جو اصلی حقیقت سے بے خبر ہیں ہمارے فرقہ پر سوء ظن ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی حکاّم کو نہیں ملتا اورمخالف ہمیشہ ملتے رہتے ہیں۔پس جس حالت میں آپ جاگیردار ہیں اور حکاّم کو معلوم ہے کہ آپ اس فرقہ میں شامل ہیں۔اس لئے ترک ملاقات سے اندیشہ ہے کہ حکاّم کے دل میں یہ بات مرکوز نہ ہو جائے کہ یہ فرقہ اس گورنمنٹ سے بغض رکھتا ہے۔گو یہ غلطی ہو گی اور کسی وقت رفع ہو سکتی ہے۔مگر تا تریاق ازعراق آوردہ شود مار گزیدہ مردہ شود۔باقی سب طرح سے خیریت ہے۔میں انشاء اللہ القدیر بروز جمعرات قادیان سے روانہ ہوں گا۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ