مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 22
مکتوبات احمد ۲۲ جلد دوم مکتوب نمبر 1 بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلمہ تعالیٰ ۔ بعد السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آج عنایت نامہ پہنچا۔ اس عاجز کی یہی رائے ہے کہ آپ نوکری نہ چھوڑیں ۔ اگر اس سے بھی کم تنخواہ ہو جو آپ کو دیتے ہیں تب بھی اس کو قبول کریں اور ہر ایک کے ساتھ اخلاق اور بُردباری سے معاملہ کریں ۔ مومن پر یہی لازم ہے کہ بغیر مشورہ کے کوئی امر عجلت سے نہ کر بیٹھے ۔ سو میں آپ کو یہی مشورہ دیتا ہوں کہ آپ علیحدگی ہر گز اختیار نہ کریں ۔ مجھے اس بات سے افسوس ہوا کہ آپ نے استعفیٰ کیوں دیا حالانکہ آپ نے لکھا تھا کہ میرا اس علیحدگی میں دخل نہیں ۔ اب بہر حال جہاں تک ممکن ہے۔ ایسے ارادہ کیلئے کوشش کریں کہ آپ اپنی نوکری پر قائم رہیں ۔ والسلام نعم المولى ونعم الوكيل خاکسار غلام احمد از قادیان نوٹ: اس خط پر کوئی تاریخ درج نہیں ہے مگر ظن غالب یہی ہے کہ یہ ۱۸۸۷ء کا ہی ہے۔ (عرفانی ) ۔☆۔۔۔۔۔۔☆