مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 268 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 268

مکتوب نمبر۶۰ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ مجھ کو ملا۔الحمد للّٰہ والمنۃ کہ اس نے اپنے فضل وکرم سے عزیزی عبدالرحمن خان کو صحت بخشی۔گویا نئے سرے زندگی ہوئی ہے۔اب میرے نزدیک تو یہی بہتر ہے کہ جس طرح ہو سکے قادیان میں آجائیں۔لیکن ڈاکٹر کا مشورہ ضروری ہے۔کیونکہ مجھے دور بیٹھے معلوم نہیں کہ حالات کیا ہیں اورصحت کس قدر ہے؟ بظاہر اس سفر میں چنداں تکلیف نہیں کیونکہ بٹالہ تک تو ریل کا سفر ہے اور پھر بٹالہ سے قادیان تک ڈولی ہو سکتی ہے اور گو ڈولی میں بھی کسی قدر حرکت ہوتی ہے۔لیکن اگر آہستہ آہستہ یہ سفر کیا جائے تو بظاہر کچھ حرج معلوم نہیں ہوتا اور قادیان کی آب وہوا بہ نسبت لاہور کے عمدہ ہے۔آپ ضرور ڈاکٹر سے مشورہ لے لیں اور پھر ان کے مشورہ کے مطابق بلاتوقف قادیان میں چلے آویں۔باقی اس جگہ زور طاعون کا بہت ہو ر ہا ہے۔کل آٹھ آدمی مرے تھے۔اللہ تعالیٰ اپنا فضل وکرم کرے۔آمین۔والسلام ۱۶؍ اپریل ۱۹۰۴ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ