مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 247 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 247

مکتوب نمبر۴۵ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ تعالیٰ، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مجھے منظور ہے کہ مرزا خد ا بخش صاحب کی روانگی ۱۰؍ ستمبر ۱۸۹۹ء تک ملتوی رکھی جاوے اور آپ کی قادیان میں تشریف آوری کے لئے میں پسند نہیں کرتا کہ ۲۲؍ ستمبر ۱۸۹۹ء کے پہلے آپ تشریف لاویں۔کیونکہ ۲۲؍ ستمبر ۱۸۹۹ء سے پہلے سخت گرمی اورپریشانی اور بیماریوں کے دن ہیں۔ریل کی سواری بھی ان دنوں میں ایک عذاب کی صورت معلوم ہوتی ہے اورمعدہ ضعیف اور وبائی ہوا حرکت میں ہوتی ہے۔لیکن ۲۲؍ستمبر کے بعد موسم میں ایک صریح انقلاب ہو جاتا ہے اوررات کے وقت اندر سوسکتے ہیںاور اطمینان کے ساتھ حالت رہتی ہے۔ا س موسم میں ارادہ کو۲۲؍ستمبر پر مصمّم فرماویں اوراس سے پہلے موسم کچا اور سفر کرنا خطرناک ہے۔یہی صلاح بہتر ہے۔کوئی ایسی تجویز ہو۔آپ کیلئے اس جگہ کوئی سامان تیار ہو جائے۔خدا تعالیٰ ہر ایک شے پر قادر ہے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ اس خط پر کوئی تاریخ تو درج نہیں۔مگر معلوم ہوتا ہے کہ یہ جولائی کے آخر یا اگست ۱۸۹۹ء کے شروع کا ہے۔حضرت اقدس نے جو خواہش نواب صاحب کے لئے مکان کی فرمائی تھی۔خدا تعالیٰ نے وہ بھی پوری کر دی۔(عرفانی)