مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 17 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 17

مکتوبات احمد ۱۷ جلد دوم مکتوب نمبرے بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلمه تعالی ۔ بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔ استماع واقعہ وفات فرزند دلبند آں مخدوم سے حزن واند وہ ہوا ۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ ۔ خدا وند کریم بہت جلد آپ کو نعم البدل عطا کرے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے اور جو چاہتا ہے کرتا ہے ۔ انسان کے لئے اس کے گوشتہ جگر کا صدمہ بڑا بھارا زخم ہے۔ اس لئے اس کا اجر بھی بہت بڑا ہے۔ اللہ جل شانہ آپ کو جلد تر خوش کرے ۔ آمین ثم آمین سرمه چشم آر یہ میری بار بار کی علالت کے توقف سے چھپا اور اب پانچویں دن تک اس کی جلد میں یہاں پہنچ جاویں گی ۔ تب بلا توقف آپ کی خدمت میں ایک جلد بھیجی جائے گی ۔ چونکہ اس کے بعد رسالہ سراج منیر چھپنے والا ہے اور جو اس کے لئے روپیہ جمع تھا وہ سب اس میں خرچ ہو گیا ہے اس لئے آں مخدوم بھی اپنے گردونواح میں دلی توجہ سے کوشش کریں کہ دست بدست اس کے خریدار پیدا ہو جائیں ۔ اس پر پانچ سو روپیہ کا کاغذ قرضہ لے کر لگایا گیا ہے۔ منشی عبدالحق صاحب اکو نٹنٹ شملہ نے یہ پانچ سو روپیہ قرضہ دیا۔ چار سو روپیہ اور تھا جو اسی پر خرچ ہوا ۔ یہ موقعہ نہایت محنت اور کوشش کرنے کا ہے تا سراج منیر کے طبع میں توقف نہ ہو ۔ اس رسالہ سرمہ چشم کی قیمت ایک روپے بارہ آنے ہے۔ اگر آپ کی محنت سے سو رسالہ بھی فروخت ہو جاوے تب بھی ایک حق نصرت آپ کے لئے ثابت ہو جائے گا ۔ ومن ينصر الله ينصره الله جل شانہ آپ پر رحمت کی بارش کرے اور اپنی خاص توفیق سے ایسے کام کرائے جن سے وہ راضی ہو جاوے۔ولا توفیق الا بالله _ والسلام ۲۰ رستمبر ۱۸۸۶ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ