مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 121
مکتوب نمبر۸۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ پارسل مرسلہ آنمکرم جس میں مشک اور… تھا پہنچاتھا۔جزاکم اللہ احسن الجزاء۔کل مولوی محمد حسین کی بحث کا خاتمہ ہو گیا۔آخر حق بات کے سننے سے مولوی محمد حسین کی قوتِ سبعیہ بڑے زور سے ظہور میں آئی۔اگر یہ عاجز اپنی جماعت کے ساتھ جلد تر اس جگہ سے باہر نہ آتا تو احتمال فساد تھا۔درحقیقت ان کو اشتعال کا سبب یہ ہوا کہ وہ اعتراضات کردہ سے ساکت اور لاجواب ہوگئے اور بحالت لاجواب ہونے کے بجز قوت غضبی سے کام لینے کے اور کیا ان کے ہاتھ میں تھا۔مولوی عبدالکریم صاحب و مولوی غلام قادر صاحب نے فریقین کے پرچے لے لئے ہیں۔آج دونو صاحب اس جگہ ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ جلد ہم جناب کو مولوی صاحب کی خدمت میں بھیجیں گے۔آپ کی علالتِ طبع کی نسبت بہت متردّد و غم تھا۔آج آپ کے خط کے آنے سے کسی قدر طمانیت ہوئی۔خدا تعالیٰ جلد تر آپ کو پوری صحت عطا فرماوے۔والسلام ۳۱؍ جولائی ۱۸۹۱ء خاکسار غلام احمد از لودہیانہ اقبال گنج