مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 115
مکتوب نمبر۷۶ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ منشی جلال الدین نام بعہدہ میر منشی ملازم ہیں اور مجھ سے خاص طور پر محبت اور اخلاص رکھتے ہیں اور درحقیقت ان احباب میں سے ہیں جن کے دل میں خدا تعالیٰ نے للّہی محبت اس عاجز کی نسبت بٹھا دی ہے۔انہوں نے میرے سے بڑی امید سے یہ درخواست کی ہے کہ آپ کی سعی اور کوشش سے ان کا صاحبزادہ کہ لائق اور مستعد اور نجیب طبع ہے۔کسی عمدہ نوکری پر ملازم ہو جائے لہٰذا مکلّف ہوں کہ اگر آپ خاص توجہ کی گنجائش رکھتے ہوں تو وہ اس غرض کے لئے آپ کی خدمت میں حاضر ہو جائیں۔امید کہ آپ براہ راست منشی صاحب موصوف کے پاس اس کا جواب بھیجیں گے اور پتہ یہ ہے۔چھاؤنی ملتان رجمنٹ نمبر۱۲ منشی جلال الدین صاحب قریشی شیخ عبدالرحمن صاحب نو مسلم لڑکا ایک ہفتہ سے میرے پاس ٹھہرا ہوا ہے اس کی طرف سے یہ آپ کی خدمت میں عرض ہے کہ اگر دوچار روز تک آپ نے لودہانہ میں تشریف لانا ہو تو وہ اسی جگہ ٹھہرے ورنہ جموں میں آجاوے۔مولوی محمد احسن صاحب کا خط بھوپال سے آیا ہوا ہے۔معہ خط مولوی محمد حسین صاحب آپ کی خدمت میں ارسال ہے۔یہ مولوی محمداحسن مستعد آدمی معلوم ہوتے ہیں اور اخلاص ان کے ہر ایک خط سے ظاہر ہو رہا ہے۔والسلام ۲۴؍ مارچ ۱۸۹۱ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ