مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 484 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 484

مکتوبات احمد لد لد جلد اول جو قوم کے مردہ قالب میں دوبارہ ہدایت اور ایمان اور تقویٰ کی روح ڈالنا چاہتا ہے وہ بجز مہدی کے کس نام سے موسوم ہو سکتا ہے؟ کیا سچ نہیں کہ آسمان پکار رہا ہے اور زمین فریاد کر رہی ہے کہ اس صدی کے مجد د کا نام بلحاظ حالت موجودہ اور مفاسد مشہودہ اندرونی اور بیرونی کے مسیح اور مہدی ہونا چاہئے ۔ اگر یہ حالت موجودہ خود مجھ کو طبعا یہ دونوں خطاب عطا نہیں کرتی تو میں جھوٹا ہوں اور اگر کرتی ہے تو ہر ایک متقی ، خدا ترس کے لئے واجب اور لازم ہے کہ میرے انصار میں سے ہو جاوے۔ اسی بنا پر میں آپ پر نیک ظن کر کے یہ خط آپ کی طرف لکھتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ آپ اس روز سے ڈر کر ، جبکہ ایک ذرہ انحراف اور خدا کی راہ میں سستی کر نا انحطاط اعمال کا موجب ہوگا ، میری نصرت میں لگ جاویں۔ ہر ایک روح خود پسندی سے خالی ہو کر میری نسبت خدا تعالیٰ سے گواہی طلب کرے گی تو خدا تعالیٰ میری مسیحائی کی اس کو خبر دے گا۔ سواے عزیز و! خدا سے خوف کر کے اور اس دن سے ڈر کر جبکہ ہر ایک شخص کو اپنی لا پرواہی کی باز پرس ہوگی ۔ میرے معاملہ میں خدا سے روشنی مانگو ۔ تا اس جماعت میں شمار نہ کئے جاؤ جنہوں نے خدا کے مسیح کو پاکر سر اٹھا کر اس کی طرف نہ دیکھا۔ یہ میری طرف سے ایک تبلیغ ہے اور ان تمام لوگوں کا بوجھ آپ کے سر پر ہے جو آپ کے ایک ذرہ اشارہ سے حق کو قبول کر سکتے ہیں ۔ والسلام علیٰ من اتبع الہدی ۔ الراقم المامور من الرب الغفور ۷ شعبان ۱۳۱۷ھ (۱۰/دسمبر ۱۸۹۹ء) میرزا غلام احمد عفی عنہ از قادیان مکرر یہ کہ حضرت احدیت کا محب صادق جو اپنے تئیں محجوبا نہ حالت میں رکھنا نہیں چاہتا اور نہ کسی حصہ تاریکی کے ساتھ اس دار نا پائیدار سے سفر کرنا چاہتا ہے۔ اس کو خدا تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ اپنی معرفت کی منزلوں کو اپنی استعداد کے موافق پورا کرے۔ کیونکہ نشان ظاہر ہوتے ہیں اور حقائق و معارف بیان کئے جاتے ہیں۔ پس مبارک وہ جو اس وقت ٹھوکر نہ کھاوے۔ اس سعادت سے عمداً محروم نہ رہے جس کے آسمان سے دروازے کھولے گئے ہیں ۔ فقط ۔