مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 297
مکتوباتِ احمد حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی رضی اللہ عنہ نے جب مکتوبات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اشاعت کا سلسلہ شروع فرمایا تو مالی دشواریوں کی بنا پر ہر دفعہ موقعہ ملنے پر چھوٹی چھوٹی جلدیں شائع فرمائیں۔موجودہ مکتوبات جو عرفانی صاحب نے چوتھی جلد کے طور پر ۱۵؍ نومبر ۱۹۱۹ء کو شائع کی اس کے بارہ میں آپ کا ارادہ تو یہ تھا کہ اس جلد میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے وہ مکتوبات شائع کئے جائیں جو حضور نے مخالف الرائے علماء اور صوفیاء کو لکھے تھے۔مگر عملاً آپ نے اس جلد میں صرف وہ مکتوبات شامل کئے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے وقتاً فوقتاً مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی کو لکھے تھے۔نظارت نے مولوی محمد حسین کے علاوہ دوسرے علماء و صوفیاء کو لکھے گئے مکتوبات بھی شامل کر دیے ہیں تا کہ ایک نوعیت کے مکتوبات یکجا مل سکیں۔ہم نے ان مکاتیب میں تاریخ کو مدِّنظر رکھا ہے اور مولوی محمد حسین کے ان خطوط جنہیں عرفانی صاحب نے حاشیہ میں درج کیا ہے اوپر متن میں ہی رکھا ہے تاکہ قارئین کے لئے آسانی ہو۔