مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 266 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 266

جان الیگزینڈر ڈوئی کے نام دوسرا کھلا خط ڈوئی نے جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خط کا جواب نہ دیا تو پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ڈوئی کے نام ایک اور خط لکھا جو امریکہ کے اخبارات و رسائل میں کثرت کے ساتھ شائع ہوا۔مگر باوجود اس کثرت اشاعت پیشگوئی کے ڈوئی نے اس چیلنج کا بھی کوئی جواب نہ دیا اور نہ ہی اپنے اخبار لیوز آف ہیلنگ میں اس کا کچھ ذکر کیا۔البتہ اسلام کے متعلق اس نے وہی بدزبانی کا طریق جاری رکھا چنانچہ ۱۴؍ فروری ۱۹۰۳ء کو اس نے اپنے اخبار میں یہ فقرے شائع کئے۔’’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ دن جلدی آئے جب اسلام دنیا سے نابود ہو جائے۔اے خدا تو میری اس دعا کو قبول کر۔اے خدا تو اسلام کو ہلاک کر‘‘ پہلے تو صرف گول مول الفاظ میں ایک پیشگوئی تھی مگر اس چٹھی کے بعد کھلے الفاظ میں اسلام کی ہلاکت کے لئے دعا کرنا مباہلہ کا ہی اختیار کرنا تھا کیونکہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مسلمانوں کی طرف سے وکیل سمجھتا تھا۔(ایڈیٹر) اور پھر ۱۵؍ اگست ۱۹۰۳ء کو اسلام کا ذکر کر کے لکھا کہ ’’انسانیت پر اس سخت بدنما دھبہ کو (یعنی اسلام کو) صیہون ہلاک کر کے چھوڑے گا‘‘۔پس جب وہ نہ تو اسلام کے متعلق دریدہ دہنی سے باز آیا اور نہ ہی کھلے طور پر میدان مقابلہ میں نکلا تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایک اور اشتہار جاری کیا جو صرف زبان انگریزی میں ترجمہ ہو کر بلاد یورپ اور امریکہ میں بکثرت شائع ہوا۔اس اشتہار کا بھی انگریزی اور امریکن اخبارات میں بہت چرچا ہوا۔اس اشتہار کا عنوان یہ تھا ’’پگٹ اور ڈوئی کے متعلق پیشگوئیاں‘‘ اور جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہوتا ہے اب یہ خالی مباہلہ کی دعوت نہ رہی تھی بلکہ اس میں صراحت کے ساتھ ڈوئی کی ہلاکت کی پیشگوئی بھی کی گئی تھی۔ذیل میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اس خط کا اُردو ترجمہ پیش کیا جاتا ہے۔یہ ترجمہ ریویو آف ریلیجنز جلد۶ نمبر۴ میں شائع ہو چکا ہے۔