مکتوب آسٹریلیا — Page 63
63 چوہوں پر کئے گئے دلچسپ تجربات حال ہی میں چوہوں پر کچھ دلچسپ تجربات کئے گئے ہیں جن کے نتائج انسانوں پر بھی منطبق کئے گئے ہیں۔ایک تجربہ یہ کیا گیا کہ ہم عمر جو ان چوہوں کے دوگروپ بنائے گئے۔ایک گروپ کو متناسب غذا با قاعدگی سے صرف اتنی مقدار میں دی گئی جو صرف ان کی بدنی ضرورت کے لئے کافی ہو اور جس سے ان کا وزن نہ بڑھنے پائے۔دوسرے گروپ کو وہی غذا با فراغت مہیا کی گئی کہ جب چاہیں اور جتنا کھائیں یعنی خوب عیش کریں۔تجربہ سے پتہ چلا کہ پہلے گروپ کے چوہوں نے لمبی عمریں پائیں جب کہ دوسرے گروپ کے چوہے اپنے حصہ کا رزق جلدی جلدی وقت بے وقت کھا کر جلدی اس دنیا سے کوچ کر گئے۔دوسرے تجربہ میں دونوں گروپوں کو ایک جیسی غذا مہیا کی گئی لیکن ایک گروپ کے چوہوں کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا جاتا رہا جب کہ دوسرا گروپ سکون سے اپنی زندگی بسر کرتا رہا۔اس تجربہ سے یہ معلوم ہوا کہ پریشان رکھے جانے والوں کے بچے تعداد میں دوسرے گروپ کی نسبت بہت کم پیدا ہوئے اور ان کے بچوں کی حرکتوں سے بھی اضطراب ظاہر ہوتا تھا۔ڈاکٹر کہتے ہیں کہ عورتوں میں بچے نہ ہونے کی ایک وجہ ان کا گھر کے اندر یا باہر کا Stress ہے لہذا پر سکون گھرانے خوش قسمت ہوتے ہیں جب کہ ایسے گھرانے جن میں ہر وقت لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں اور گھر کھچاؤ اور تناؤ کا شکار ہوتا ہے وہ خود اپنا ہی نقصان کرتے ہیں اور اپنی پریشانیوں اور اضطراب کو اپنی آئندہ نسلوں میں بھی منتقل کر دیتے ہیں۔