خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 222 of 682

خطبات وقف جدید — Page 222

222 حضرت خلیفہ امسح الثالث خطبه جمعه فرموده 4 جنوری 1980 ء بیت اقصیٰ ربوہ تشہد وتعوذ اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: ہر سال پہلے مہینہ میں میں وقف جدید کے سال نو کے آغاز کا اعلان کیا کرتا ہوں سو میں آج کر رہا ہوں۔وقف جدید بنیادی طور پر خالصہ تربیتی ادارہ ہے اور اس کے سپرد یہ کام ہے کہ انسانیت کے آداب جماعتوں میں جو معلم ہیں وہ سکھائیں اور جو اسلام نے بلند اخلاق ہمیں سکھائے جن پر ہمیں عمل کرنا چاہیے اس تعلیم کے مطابق اسلامی اخلاق کے بلند معیار پر جماعت کو لیجانے کی کوشش کریں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ اسلام وحشی کو انسان بناتا ہے ،انسان کو با اخلاق بناتا ہے ، با اخلاق کو روحانی رفعتیں عطا کرتا ہے اور خدا تعالیٰ کے پیار تک لے کے جاتا ہے۔اگر انسانیت نہ ہوتو روحانیت کے پیدا ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انسان دوسرے جانوروں سے مختلف ہے بنیادی طور پر۔دوسرے جانوروں میں بھی ایک حد تک سیکھنے کی قوت اور استعداد ہے۔انسان میں سیکھنے کی بہت حد تک قوت و استعداد ہے۔اسلام وحشی کو، کرختگی کو، کرختگی والے انسان کو ، وحشت دور کر کے نرمی اور رفق پیدا کر کے اور پالش کر کے اور حسن پیدا کر کے ابتدائی طور پر اسے صحیح معنی میں انسان بناتا ہے۔چھوٹی سی چیز ہے کھانا کھاتے وقت دوسرے کے احساس کا خیال رکھو۔اس کا بلاواسطہ روحانی بلندیوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں لیکن بالواسطہ ہے کیونکہ جب تک انسان انسان نہ بنے روحانی ترقیات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔بیچ میں مدارج ہیں اور ان کا میں جان کے ذکر نہیں کر رہا۔ضرورت نہیں۔کھانا کھاتے وقت دوسروں کا خیال رکھو۔یہ وحشت جو انسان کی ہے اس کو دور کرتا ہے۔جانور کھاتے وقت دوسرے کا خیال نہیں رکھتا۔میں نے دیکھا ہے کہ گھوڑی اپنے بچے کا بھی خیال نہیں رکھتی۔میں بعض دفعہ باہر نکلتا ہوں تو اپنے ہاتھ سے برسیم ان کو دیتا ہوں۔تو اگر ساتھ گھوڑی کا بچہ ہوتو حالانکہ گھوڑی کے منہ میں لقمہ ہوتا ہے۔میرے ہاتھ سے جو اس نے لیا، جب بچے کی طرف کرتا ہوں تو وہ منہ مار کے اور اسکو بھی چھیننے کی کوشش کرتی ہے۔انسان کو جہاں یہ کہا کہ دائیں ہاتھ سے کھا وہاں یہ کہا کہ اگر اکٹھے کھا رہے ہو یا ویسے بھی تو مِمَّا یلیک جو تیرے سامنے ہے، اسے کھا۔یہ نہیں کہ ادھر ادھر ہاتھ مار کے اور پسند کی بوٹیاں ، اگر پلاؤ کا تھال ہے تو چن کے ایک شخص کھانا شروع کر دے اور دوسرا شخص جو ہے وہ ہاتھ ہی پھیچ لے۔