خطبات وقف جدید

by Other Authors

Page 523 of 682

خطبات وقف جدید — Page 523

523 حضرت خلیفہ مسیح الرابع خطبہ جمعہ فرموده 7 / جنوری 2000ء بیت الفضل لندن تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد ان آیات کی تلاوت فرمائی۔قُل لِّعِبَادِيَ الَّذِينَ آمَنُوا يُقِيمُوا الصَّلوةَ وَيُنفِقُوا مِمَّا رَزَقْنَهُمْ سِرًّ اوَّ عَلَانِيَةً مِنْ قَبْلِ أَنْ يَّاتِيَ يَوْمٌ لَّا بَيْعٌ فِيْهِ وَلَا خِلَلٌ۔(ابراهیم : 32) تو میرے ان بندوں سے کہہ دے کہ جو ایمان لائے ہیں کہ وہ نماز قائم کریں اور جو کچھ ہم نے انھیں عطا کیا ہے اس میں سے مخفی طور پر بھی اور علانیہ طور پر بھی خرچ کریں۔پیشتر اس کے کہ وہ دن آجائے جس میں کوئی خرید وفروخت نہیں ہوگی اور نہ کوئی دوستی ( کام آئے گی )۔اس آیت کا انتخاب میں نے اس غرض سے کیا ہے کہ آج کے خطبہ کے موضوع میں دو باتیں اکٹھی شامل ہیں۔ایک وقف جدید کا اعلان ہو گا نئے سال کا ، اس کی مالی تحریک ہے اور دوسرے نمازوں کے قیام کے متعلق میں خصوصیت سے تحریک کرنا چاہتا ہوں جو دراصل رمضان کا سبق ہے اور رمضان اپنے پیچھے چھوڑ کے جارہا ہے۔اس مختصر تعارف کے بعد آج سب سے پہلے تو میں جمعۃ الوداع کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں جو آج رمضان کا آخری دن ہے اور جمعتہ الوداع ہے۔یہ سال بکثرت غیر معمولی برکات لے کر آیا ہے جس کا تفصیلی ذکر میں آگے چل کر کروں گا۔سر دست صرف جمعۃ الوداع کے متعلق کچھ گزارشات کرنا چاہتا ہوں۔آج کا دن وہ دن ہے کہ تمام دنیا میں مساجد اتنی بھر گئی ہیں کہ کبھی سارا سال بلکہ رمضان مبارک کے دوران بھی مساجد اس طرح نہیں بھری تھیں اور لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر اور کوئی بھی نیکی نہ ہو تو صرف جمعہ الوداع کو حاضر ہو جانا ہی انکی بخشش کا سامان مہیا کر دے گا۔بخشش کے کام تو اللہ کے ہیں وہ جس کو چاہے بخشتا ہے جس کو چاہے نہ بخشے مگر یہ وہم ہے کہ جمعتہ الوداع کو ایک ایسی اہمیت حاصل ہے کہ اس میں شمولیت سے خواہ سارا سال بدیوں میں مبتلا رہے انسان کے سارے گناہ بخشے جاتے ہیں۔اس پہلو سے جب میں نے حدیثوں کا مطالعہ کیا تو پتہ لگا کہ حدیث میں کہیں جمعتہ الوداع کا کوئی ذکر نہیں۔لیلۃ القدر کی اہمیت کا ذکر ہے مگر جمعتہ الوداع کی اہمیت کا کوئی ذکر کسی حدیث میں نہیں آتا۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ فرضی قصے بعد میں گھڑے گئے ہیں اور جب تنزل ہوا ہے مسلمانوں میں تو اس میں کسی وقت جمعۃ الوداع کا خیال آہستہ آہستہ راہ پکڑ گیا اور اس کی وجہ سے بہت سی خرابیاں لاحق ہوئی ہیں۔