خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 242
خطبات طاہر جلد ۹ 242 خطبہ جمعہ ۲۷ / اپریل ۱۹۹۰ء نظر سے الگ ہو کر چھپ کر خدا سے ملنا چاہتے ہیں وہ اٹھ کر خدا کے حضور حاضری دیتے ہیں اور آنحضرت ﷺ نے ہمیں مطلع فرمایا ہے کہ اس وقت کثرت سے فرشتوں کا نزول ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ سے بندوں کا تعلق قائم کرنے کے لئے ایک خاص نظام جاری رہتا ہے۔وہی نظام ہے جولیلۃ القدر کی صورت میں ایک غیر معمولی شان کے ساتھ رمضان کے مہینے میں بھی دوبارہ لگتا ہے لیکن وہ عام نظام در بار خاص کا جو خاص بندوں کے لئے علیحدہ ملاقاتوں کے لئے لگایا جاتا ہے اس کی ایک اپنی شان ہے۔میرا تجربہ ہے کثرت سے ملاقاتوں کا موقع ملتا ہے۔بیسیوں ملکوں میں میں پھرا ہوں ، بیسیوں بڑے بڑے ملکوں کی سینکڑوں جماعتوں سے ملاقاتیں ہوئیں لیکن کچھ لوگ پھر بھی تشنگی کا اظہار کرتے ہیں کہ علیحدہ ملاقات کا وقت دیں اور بعض دفعہ اتنا اصرار کرتے ہیں کہ وقت نہ ہوتے ہوئے بھی وقت نکالنا پڑتا ہے۔اللہ کی عجیب شان ہے، روزانہ علیحدہ ملاقات کا وقت دیتا ہے، اور آدھی رات کے بعد سے یہ دربار لگ جاتا ہے کہ جس کو جو توفیق ہے وہ حاضر ہو جائے تو میں آپ کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ اگر رمضان کے دربار کو زندہ رکھنا ہے۔اس سے فائدے جاری رکھنے ہیں تو ان درباروں میں حاضری دینانہ چھوڑیں پھر دیکھیں کہ انشاء اللہ کوئی رمضان بھی آپ سے برکتیں لے کر نہیں جائے گا بلکہ ساری برکتیں آپ کی جھولی میں ڈالتا چلا جائے گا۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)