خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 197 of 845

خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 197

خطبات طاہر جلد ۹ 197 خطبه جمعه ۱۳ راپریل ۱۹۹۰ء تکبر سے بچیں اور عاجزانہ راہوں کو اختیار کریں محمد کے وسیلہ سے لقائے باری تعالیٰ حاصل کریں ( خطبه جمعه فرموده ۱۳ را پریل ۱۹۹۰ء بمقام بیت الفضل لندن ) تشہد وتعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: گزشتہ دو جمعوں سے لقاء باری تعالیٰ کا مضمون چل رہا ہے اور میں نے یہ بیان کیا تھا کہ خدا تعالیٰ کو پانے کی ایک بہت ہی پیاری راہ عجز کی راہ ہے۔ویسے تو جیسا کہ میں نے قرآن کریم کی آیت پڑھ کر سنائی تھی۔خدا کو پانے کی بہت سی راہیں ہیں بلکہ لا تعداد راہیں ہیں اور ان کی طرف بسا اوقات انسان کے ذہنی تصرف کے بغیر دروازے کھلتے ہیں، بعض قلبی کیفیات انسان کی زندگی میں ایسی اس پر طاری ہوتی ہیں کہ جن کے نتیجے میں خدا تعالیٰ کی طرف دل لپکتا ہے اور یہ جو وصال کی راہیں ہیں یہ اس موقع کی مناسبت سے دل کے اس تعلق کے نتیجے میں کھلتی ہیں۔پس وہ جو کھڑ کی کسی ایک راہ کی طرف کھل رہی ہے یا وہ در جو ایک راہ کی طرف کھل رہا ہے اس میں انسان کا تصرف کوئی نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے اور اس کی دل پر نظر پڑتی ہے اور دل کی جنبش کے نتیجے میں یہ دروازے کھلا کرتے ہیں۔لیکن اس مضمون کو سمجھنا پھر بھی ضروری ہے کیونکہ اس مضمون کو سمجھنے کے نتیجے میں وہ روکیں دور ہوتی ہیں جو دل کو خدا کے لئے متحرک کرتی ہیں اور انسان زیادہ عرفان کے ساتھ اور زیادہ وضاحت کے ساتھ خدا تعالیٰ کی راہوں کی تلاش کر سکتا ہے اور ان میں قدم آگے بڑھا سکتا ہے۔