خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 691
خطبات طاہر جلد ۸ 691 خطبه جمعه ۲۷/اکتوبر ۱۹۸۹ء آج کا دور مذہبی تاریخ میں عظیم الشان دور شمار ہوگا۔تحریک جدید کے سال نو کا آغاز (خطبه جمعه فرموده ۱/۲۷ کتوبر ۱۹۸۹ء بمقام بیت الفضل لندن ) تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔گزشتہ خطبہ میں میں نے یہ بتایا تھا کہ اس دفعہ پنجاب حکومت نے جماعت احمدیہ کو ربوہ مرکز سلسلہ میں ایک لمبے عرصے کے انقطاع کے بعد خدام الاحمدیہ کے اجتماع کی اجازت دے دی ہے۔اگر چہ اجازت اپنی ذات میں بہت ہی کنجوسی کے ساتھ دی گئی ہے۔کئی ایسی شرائط عائد کی گئی ہیں جن کی رو سے جو اجازت کے نتیجے میں بشاشت پیدا ہونی چاہئے تھی ویسی نہیں ہو سکتی لیکن بہر حال اجازت ضرور ہے۔تو اس پہلو سے میں نے جماعت کو تاکید کی کہ اس پر بھی شکر واجب ہے اور خدا کا شکر تو ہم ہمیشہ کرتے ہی ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے مگر پنجاب حکومت نے جو معمولی سی شرافت کا اظہار کیا ہے اس کے نتیجے میں اس حکومت کا شکریہ ادا کرنا واجب ہے۔ساتھ ہی میں نے یہ بتایا تھا کہ مجھے ڈر ہے کہ علماء یعنی پاکستان کے وہ معاندین جو علماء کہلاتے ہیں اور جماعت احمدیہ کے در پے آزار رہتے ہیں ان کو یہ اجازت بہت تکلیف دے گی اور اس کا وہ شدید ردعمل دکھا ئیں گے اور ہم نہیں کہہ سکتے کہ حکومت پنجاب پر اس کا کیا اثر پیدا ہوتا ہے۔ان دونوں باتوں میں سے پہلی بات اصلاح طلب ہے۔جو اجازت حکومت پنجاب کی طرف منسوب کی گئی تھی معلوم ہوتا ہے وہ ڈپٹی کمشنر نے دی تھی اور معلوم یہ ہوتا ہے کہ اپنے بالا افسروں