خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 55 of 898

خطبات طاہر (جلد 8۔ 1989ء) — Page 55

خطبات طاہر جلد ۸ 55 خطبہ جمعہ ۲۷ / جنوری ۱۹۸۹ء پتوں پر پھر شاخوں پر پھر پھوٹنے والی کونپلوں پر ان کے اثر ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں اور بعض دفعہ بعض درخت کئی کئی مہینے میں مرتے ہیں اور زمیندار بیچارے کو پتا ہی نہیں لگتا کہ کیا ہورہا ہے۔بعد میں جب کبھی وہ ذرا زور سے تنے کو ہلائے تو سارا درخت مع تنا ہی ہاتھ میں آجاتا ہے اس کی جڑیں کھائی گئی ہوتی ہیں۔تو جھوٹ کی جڑوں کے ساتھ یہ سلوک کریں کیونکہ جھوٹ کی جڑیں سب بدیوں کی جڑیں ہیں اور جب آپ اس بدی کو اپنی سوسائٹی سے نکال کے باہر پھینک دیں گے ، اکھیڑ دیں گے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کے نیک نتائج فورا نہ بھی ہوں تو بالآ خر رفتہ رفتہ ضرور ظاہر ہوں گے۔اسی طرح بچوں کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی تحریریں پڑھانے کی طرف متوجہ ہوں مثلاً الفضل میں جو بار بار ہر روز اقتباسات شائع ہوتے ہیں وہ ادارہ کی طرف سے بڑی محنت کے بعد منتخب کئے جاتے ہیں اور بہت ہی پر اثر ہیں اور وقت کی ضرورت کو پورا کرنے والے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ ان کا جواثر پڑ سکتا ہے وہ آپ کی لاکھ تقریریں بھی پیدا نہیں کر سکتیں۔اس لئے بچوں کو ان اقتباسات کی طرف متوجہ کریں۔ہمارے یہاں مغربی دنیا میں اسی طرح افریقہ میں اور مشرقی ممالک میں بہت سے احمدی ہیں بلکہ اکثر احمدی ہیں جو اردو نہیں پڑھ سکتے۔تو انتظامیہ کو یہ کوشش کرنی چاہئے کہ کم سے کم ان اقتباسات کے تراجم فوری طور پر تمام جماعت کو مہیا کر دیے جایا کریں اور یہ جو بقیہ دو مہینے باقی ہیں ان میں یہ اقتباسات ہی حیرت انگیز روحانی اور پاکیزہ انقلابی تبدیلی پیدا کر دیں گے۔تو ان کی طرف متوجہ ہونا چاہئے اور یہ کام اس بات کا انتظار نہ کریں کہ جماعتیں با قاعدہ ان کے تراجم کرائیں اور پھر ان کو مشتہر کریں۔اتنے بڑے کام ہیں۔اتنی اس میں محنت کرنی پڑتی ہے، اتنی احتیاط کرنی پڑتی ہے پھر بھی ایسی غلطیاں رہ جاتی ہیں کہ طعن آمیزی کا موجب بنتی ہیں بعض لوگوں کے لئے اس لئے کہ وہ کام اپنے وقت پر ہوں بڑی توجہ کی جارہی ہے، مترجمین تیار کئے جارہے ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ رفتہ رفتہ یہ کام مختلف زبانوں میں پھیل رہا ہے لیکن اس کا انتظار نہ کریں جو سرسری ترجمے ہیں وہ کوئی ایسی بات نہیں ہوا کرتے کہ جس کے اوپر با قاعدہ ایکشن لئے جائیں اور جواب طلبیاں ہوں وہ تو صرف ایک کوشش ہے پیغام دوسرے تک پہنچانے کی۔اس پہلو سے ان کے تراجم کر کے خواہ اگر چھپانے کا یا نقلیں کرنے کا سامان مہیا نہیں ہے تو کیسٹ ریکارڈر ہر جماعت میں موجود ہیں ان میں ان کو بھر کر بچوں کو سُنا دیا کریں۔